مہاراشٹرا انتخابات ‘ فرنویس ‘ شنڈے اور پوار نے پرچہ داخل کیا

   

Ferty9 Clinic

ممبئی 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دیویندر فرنویس ‘ شیوسینا کے ایک ناتھ شنڈے اور این سی پی لیڈر اجیت پوار سمیت مہاراشٹرا کے کئی اہم سیاستدانوں نے 21 اکٹوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے آج اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔ آج پرچہ داخل کرنے کا آخری دن تھا ۔ فرنویس ریاست میں بی جے پی کے پہلے چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے ناگپور ساوتھ ۔ ویسٹ حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ ان کے ساتھ مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مہاراشٹرا کے وزیر و ریاستی بی جے پی سربراہ چندرکانت پاٹل بھی موجود تھے ۔ فرنویس کے خلاف کانگریس کے آشیش دیشمکھ مقابلہ پر ہیں۔ فرنویس نے امید ظاہر کی کہ ریاست میں بی جے پی ‘ شیوسینا اور آر پی آئی پر مشتمل اتحاد کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ریاست کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ شاندار کامیابی حاصل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ناگپور کی تمام 12 نشستوں پر اتحاد کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ ودربھا اور مہاراشٹرا میں ان کا اتحاد بہترین کارکردگی دکھائیگا ۔ وزیر فینانس و بی جے پی لیڈر سدھیر منگنتی وار چندرا پور ضلع میں بیلارپور سے امیدوار ہیں اور انہوں نے مرکزی وزیر ہنس راج آہیر کے ساتھ پرچہ داخل کیا ۔ شیوسینا لیڈر و ریاستی وزیر ایکناتھ شنڈے نے تھانے میں کوپری ۔ پچپاکھڑی حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ اجیت پوار نے بارامتی حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا کو بی جے پی کے گوپی چند پڈالکر سے مقابلہ درپیش ہے ۔ پوار نے میڈیا سے کہا کہ انہیں کوئی شبہ نہیں ہے کہ انہیں حلقہ کے عوام کی زبردست تائید حاصل ہوگی ۔ نتائج کے دن اس بات کا پتہ چل جائیگا ۔ سینئر این سی پی لیڈر چھگن بھوجبل نے ناسک ضلع میں یولا حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا جبکہ بی جے پی کے کنکاولی امیدوار نتیش رانے نے بھی آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ نتیش ‘ سابق چیف منسٹر نارائن رانے کے فرزند ہیں۔