نئی دہلی: مہاراشٹرا میں تازہ ترین سیاسی پیش رفت کے پیش نظرکانگریس نے اپنے سینئر لیڈرکمل ناتھ کو ریاست کے لیے مبصر مقررکیا ہے۔پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی۔ وینوگوپال کے جاری کردہ بیان کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر کمل ناتھ کو مہاراشٹرا کے لیے مبصر مقررکیا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ مہاراشٹرا قانون ساز کونسل کے انتخابات میں حکمراں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے ) اتحاد کو دھکا لگنے کے ایک دن بعد پارٹی کے ایک لیڈر نے منگل کو کہا کہ شنڈے سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ تاہم شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بعد میں کہا کہ شنڈے ممبئی میں نہیں ہیں لیکن ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔شیو سینا کے کچھ ایم ایل ایز بشمول شنڈے کے سورت کے ایک ہوٹل میں ہونے کی اطلاع ہے، لیکن اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔شیوسینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ، کانگریس بھی مہاراشٹرا میں حکمران اتحاد ایم وی اے کا حصہ ہے۔اس وقت مہاراشٹراا میں سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے ۔