ممبئی: مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی کی شکست کے بعد نانا پٹولے نے مہاراشٹرا کانگریس کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے ابھی تک ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیاہے۔ پٹولے کا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کانگریس پارٹی نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں اب تک کا بدترین مظاہرہ کیا ہے۔مہاراشٹرا میں حکمراں محاذ این ڈی اے نے انتخابات میں کانگریس پارٹی اور مہاوکاس اگھاڑی کو شکست دی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ریاست میں 103 سیٹوں پر قسمت آزمائی کی تھی لیکن اسے صرف 16 سیٹیوں پر ہی کامیابی ملی ہے۔پارٹی کے امیدوار نانا پٹولے نے ساکولی سیٹ سے 208 ووٹوں کے سب سے کم فرق سے کامیابی حاصل کی۔اس سال کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے بڑے لیڈر ہار گئے ہیں۔بالاصاحب تھوراٹ، پرتھوی راج چوان، وجے ودیٹیوار، یشومتی ٹھاکر، مانیک راؤٹھاکرے جیسے قد آور لیڈروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پٹولے جو 2021 میں مہاراشٹرا کانگریس کے صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے اپنی قیادت کو لے کر ہمیشہ سرخیوں میں رہے ہیں۔انتخابی نتائج کے اعلان سے دو دن قبل پٹولے نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے تنازعہ کھڑا کر دیا تھا کہ کانگریس اگلی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کی قیادت کرے گی۔ ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 13 سیٹیں جیتیں لیکن اسمبلی انتخابات میں خراب کارکردگی کے بعد انہوں نے کانگریس ہائی کمان کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ بی جے پی عظیم اتحاد نے 132 سیٹیوں پر کامیابی حاصل کی، شیوسینا، جو وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے 55 سیٹیں جیتی ہیں اور اجیت پوار کی این سی پی نے 41 سیٹیں جیتی ہیں۔