ممبئی 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا پولیس نے یہ واضح کیا ہے کہ لاک ڈاون کی مدت کے دوران سال گذشتہ کی بہ نسبت سنگین جرائم جیسے قتل ‘ ڈکیتی اور اغواء وغیرہ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔ ریاستی محکمہ پولیس کی جانب سے تیار کردہ ڈاٹا میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اب تک جو ڈاٹا جمع کیا گیا ہے وہ مارچ اور اپریل کا ہی ہے ۔ مئی کے مہینے کا ڈاٹا ابھی جمع کیا جا رہا ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ جو ڈاٹا جمع ہوا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ لاک ڈاون کے دوران بڑے جرائم جیسے قتل ‘ اقدام قتل ‘ عصمت ریزی ‘ دست درازی ‘ ڈکیتی ‘ رہزنی اور چوری میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے پولیس 24 گھنٹے سڑکوں پر ہے اور لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ پولیس کی موجودگی اور کورونا سے متاثر ہوجانے کے اندیشوں کی وجہ سے اس طرح کے جرائم لاک ڈاون کے دوران کم ہی ہوئے ہیں۔