مہاراشٹرا میں بی جے پی کیلئے آر ایس ایس ٹولیاں سرگرم

   

نئی دہلی: مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن کو صرف ایک ماہ رہ گیا ہے۔ آر ایس ایس نے بی جے پی اتحاد کے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کا پروگرام شروع کردیا ۔ آر ایس ایس نے تمام حلیف تنظیموں کے ساتھ یہ پہل کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاست بھر میں ٹولیاں بنائی گئی ہیں، جنہوں نے عوام تک رسائی شروع کردی ہے۔ ہر ٹولی 5تا10لوگوں کی گروپ میٹنگس کررہی ہے۔ مقامی نٹ ورک کے ذریعہ عوام تک پہنچا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہریانہ بھر میں آر ایس ایس نے جو مہم چلائی وہ بی جے پی کی جیت کی اہم وجہ بنی تھی۔ ہریانہ میں آر ایس ایس ٹولیوں نے ایک لاکھ 25ہزار گروپ میٹنگس کی تھیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی ناقص کارکردگی کی وجہ یہ تھی کہ آر ایس ایس ورکرس میں جوش نہیں تھا۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے پارلیمانی الیکشن میں کہا تھا کہ ان کی پارٹی کو ابتداء میں آر ایس ایس کی مدد کی ضرورت تھی، لیکن وہ بغیر کسی سہارے کے چلنے کی پوزیشن میں آگئی۔ اِس بیان سے آر ایس ایس ورکرس کی حوصلہ شکنی ہوئی۔ آر ایس ایس کہتی ہے کہ وہ انتخابی سیاست میں راست حصہ نہیں لیتی، لیکن اسے انتخابات میں بی جے پی کی خفیہ طاقت سمجھا جاتا ہے۔