مہاراشٹرا میں بیانڈ باجہ نہ بارات ، حلف برداری پر احمد پٹیل کا طنز

,

   

’’شیوسینا ۔ کانگریس ۔این سی پی اتحاد حکومت تشکیل دے گا ‘‘

ممبئی ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد احمد پٹیل نے کہا کہ مہاراشٹرا میں جس خفیہ انداز سے دیویندر فڈنویس نے چیف منسٹر اور اجیت پوار نے ڈپٹی چیف کی حیثیت سے حلف لیا وہ ریاست کی تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا ۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ شیوسینا، این سی پی اور ان کی پارٹی ریاست میں حکومت تشکیل دیں گے ۔ احمد پٹیل نے ان الزامات کو مستردکردیا کہ امکانی اتحادی حکومت کی تشکیل میں اپنی رضامندی کے اظہار میں تاخیر کی اور اپنے فیصلہ کو روکے رکھا ۔ انہوں نے بے شرمی کی حدیں پار کرنے اور جمہوریت کی دھجیاں اڑانے کے لئے بی جے پی پر شدید تنقید کی جہاں امیت شاہ کی زیرقیادت بی جے پی نے شردپوار کے بھتیجہ اجیت پوار کی بغاوت کے بعد حکومت قائم کی ہے ۔ احمد پٹیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے موقع پر شیوسینا ۔ کانگریس اور این سی پی اتحاد بی جے پی کو شکست دے گا اور یہ اتحاد ہی حکومت تشکیل دے گا ۔ احمد پٹیل نے کہا کہ تینوں جماعتیں سیاسی اور قانونی دونوں محاذوں پر مقابلہ کریں گی ۔ اس موقع پر احمد پٹیل کے ساتھ کانگریس کے جنرل سکریٹریز ملکارجن کھرگے اور کے سی وینو گوپال کے علاوہ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اشوک چوان ، ریاستی کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ احمد پٹیل نے مزید کہا کہ بیانڈ باجہ اور بارات کے بغیر ہی چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے جس خفیہ انداز میں حلف لیا وہ ریاست کی تاریخ میں کالی سیاہی سے لکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کانگریس کو مدعو نہیں کیا جس کے 288 رکنی اسمبلی میں 44 ارکان ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اجیت پوار نے جو فہرست پیش کی اس کی توثیق نہیں کی گئی ۔ کسی کو تفصیلات بتائے بغیر حلف برداری تقریب منعقد کی گئی ۔ اس سے ظاہر ہے کہ کہیں نہ کہیں کچھ تو غلط ہے ۔ بی جے پی کا نام لئے بغیر احمد پٹیل نے کہا کہ ملک اور مہاراشٹرا کے عوام جمہوریت پر ایقان رکھتے ہیں لیکن عوام کے بھروسہ کو توڑا گیا ہے۔ دستوراور جمہوریت کی دھجیاں اڑائی گئیں اور بے شرمی کی حدوں کو پار کیا گیا ۔ پٹیل نے کہا کہ تمام ایم ایل ایز رابطہ میں ہیں ، صرف دو اپنے گاؤں میں ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے تیار ہیں۔