کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش کا بیان
نئی دہلی :کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے مہاراشٹرا کے سیاسی بحران کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے دولت اور اقتدار کے زور پر مزید ایک ریاست پر ناجائز قبضہ کر لیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مہاراشٹرا میں جو ہوا وہ ہندوستان جیسی جمہوریت کے لیے شرمناک ہے۔ مودی۔شاہ کی قیادت میں بی جے پی کسی بھی قیمت پر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ یا تو اقتدار ان کے پاس رہے یا کرسی کی ڈور ان کے ہاتھوں میں ہو۔‘‘کانگریس نے بی جے پی پر اقتدار پر قبضہ کرنے کے لیے ای ڈی۔سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کے غلط استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار ہونے کے بعد سے ہی بی جے پی کا واحد ہدف اقتدار پر قبضہ کرنا اور منتخب حکومتوں کو گرانا رہا ہے۔ جئے رام رمیش نے جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اقتدار کے لیے خرید و فروخت، گورنر اور اسمبلی صدور کی طاقتوں کا غلط استعمال اور ای ڈی۔سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا کھلے عام غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب تو یہ عالم ہے کہ مرکزی وزیر مالیات کے منہ سے بھی سچ نکل جاتا ہے۔ اب وہ ہارس ٹریڈنگ پر جی ایس ٹی لگانے کا مشورہ دے رہی ہیں۔