ممبئی ۔15جنوری (سیاست ڈاٹ کام )مہاراشٹر سرکار میں کابینی وزیر اور ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے چہارشنبہ کو دہلی پہنچے جہاں انہوں نے کانگریس جنرل سکریٹری راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔اس ملاقات کی ممبئی میں شیوسینا ترجمان نیلم گورہے نے تصدیق کی ہے لیکن تفصیلات بتلانے سے انکار کر دیا۔ مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی (شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس ) سرکار کے بننے کے بعد پہلی بار آدتیہ ٹھاکرے راہل گاندھی سے ملے ہیں ایسے میں اس ملاقات کو اہم مانا جا رہا ہے ۔ بتا دیں کہ اس سے پہلے بھی آدتیہ ٹھاکرے نے شیوسینا کی قیادت میں بنی سرکار کے حلف برداری پروگرام کیلئے دہلی پہنچ کر کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو دعوت دی تھی ۔ آدتیہ ٹھاکرے بدھ کو دہلی میں راہل گاندھی کی رہائش گاہ 12 تغلق لین پہنچے ۔ یہاں دونو ں لیڈران کے درمیان بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق یہ رسمی ملاقات تھی لیکن اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اب دونوں پارٹیوں کے درمیان رشتوں کا مزید مضبوط ہونا متوقع ہے۔