انعام اول ، دوم اور سوم دینے کا اعلان ، ادھوے ٹھاکرے حکومت کی ستائش
حیدرآباد۔ حکومت مہاراشٹرا نے ریاست کے دیہی علاقوں اور مواضعات کو کورونا وائرس سے پاک بنانے کیلئے منفرد منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔ اودھو ٹھاکرے حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے 6 ریونیو ڈیویژنس میں موجود مواضعات میں تین مواضعات کو نقد انعام دیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے ’’میراگاؤں کورونا سے پاک‘‘ کے نام سے شروع کی گئی اسکیم میں کہا گیا ہے کہ جن مواضعات میں کورونا وائرس کی اصولوں پر بہتر انداز میں عمل آوری کے ذریعہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی جائے گی ان گاؤں کے لئے حکومت کی جانب سے انعام اول کے طور پر 50لاکھ ‘ انعام دوم 25لاکھ اور انعام سوم 15لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت مہاراشٹرا کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہر ریوینیو ڈویژن میں 3 انعامات دیئے جائیں گے اور جن تین مواضعات کو یہ انعام حاصل ہوں گے ان میں انعام اول ‘ دوم اور سوم شامل رہے گا۔ ملک میں دیہی علاقو ںمیں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے تحت مہاراشٹرا میں کئے جانے والے اس اقدام کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ دیہی علاقوں میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے کئے جانے والے اس اقدام سے ریاست کے دیہی علاقو ںمیں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کافی مدد حاصل ہوگی۔ دیہی علاقوں کی پنچایتوں اور اس کے ذمہ دارو ںمیں انعام کے لئے مسابقت پیدا ہوگی اور وہ دیہی عوام کو کورونا وائرس کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے لئے آمادہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔