مہاراشٹرا: نگر پنچایت انتخابات میں بی جے پی کوزبردست جھٹکا

   

Ferty9 Clinic

ممبئی: مہاراشٹرا میں نگر پنچایت انتخابات میں بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ساتھ ہی چہارشنبہ کو جاری نتائج کانگریس کیلئے کئی اچھی خبریں لیکر آئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاتور ضلع کی چار نگر پنچایتوں اور ناندیڑ کی تین نگر پنچایتوں میں کانگریس کو اکثریت ملی ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ ناندیڑ میں مہور، اردا پور اور نائگاؤں نگر پنچایتوں کی 51 سیٹوں کیلئے پولنگ ہوئی، جن میں سے کانگریس نے 33 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ کانگریس کو نائگاؤں نگر پنچایت کی تمام 17 سیٹوں پر جیت ملی ۔ اس کے علاوہ ارداپور میں 17 میں سے 10 سیٹیں جیتنے کے بعد پارٹی کوواضح اکثریت ملی ساتھ ہی بی جے پی نے ناندیڑ میں کل 3 اور لاتور میں 14 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اردھا پور میں بی جے پی نے 2 سیٹیں جیتی ہیں۔ ناندیڑ کی مہور نگر پنچایت کا مقابلہ کافی دلچسپ رہا۔یہاں کانگریس نے 17 میں سے 6 سیٹیں جیتی ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے 7 اور شیوسینا نے 3 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے ایک سیٹ جیتی۔لاتور میں چار نگر پنچایتوں (ہر ایک کی 17 نشستوں) کی 68 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔لاتور میں بی جے پی اور این سی پی نے 14۔14 سیٹیں جیتی ہیں لیکن کانگریس کو سب سے زیادہ 23، شیو سینا اور پرہار کو 6سیٹیں ملیں۔ آزاد امیدواروں نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔قابل ذکر ہیکہ مہاراشٹرا کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر امیت دیشمکھ لاتور اور سابق وزیر اعلی اشوک چوہان ناندیڑ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ دیشمکھ اور چوان دونوں کانگریس کے ایم ایل اے ہیں۔