مہاراشٹرا کے سابق فوجی عہدیداروں اور جوانوں کی بی آر ایس میں شمولیت

   

ملک میں خوشحالی کیلئے تبدیلی ضروری، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک میں اب کی بار کسان سرکار کے نعرہ کے ذریعہ پریورتن بھارت کی تشکیل پر زور دیا تاکہ عوامی زندگی میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے۔ ہندوستانی فوج کے سابق فوجیوں کی کثیر تعداد نے آج پرگتی بھون میں بی آر ایس کے سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سابق فوجی عہدیداروں کی مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد کا تعلق مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع سے ہے جنہوں نے جئے جوان جئے کسان کا نعرہ لگاکر ملک میں تبدیلی کی مہم میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ سابق فوجیوںکا استقبال کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ پریورتن بھارت کی تشکیل کیلئے ہر کسی کو جدوجہد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی، بھلائی اور تمام طبقات کی بہتری کیلئے موجودہ نظام میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سابق فوجیوں کی بی آر ایس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ قومی سیاست میں تبدیلی کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سابق فوجیوں کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں جن فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے اسے ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی عمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ تنظیم فوجی جنتا پارٹی کے باپو راؤ پگارے نے دیگر عہدیداروں سابق کرنل، سابق لیفٹننٹ اور فوجی جوانوں کے ہمراہ کے سی آر سے ملاقات کی۔ سابق فوجی عہدیداروں اور جوانوں کا تعلق ناسک، پونے، شولا پور، بیڑ، جالنہ، احمد نگر اور دیگر اضلاع سے ہے۔ اس موقع پر بی آر ایس قائدین پی راجیشور ریڈی، بی سمن، ایس وینوگوپال چاری اور دوسرے موجود تھے۔ر