گورنر بی ایس کوشیاری سے استعفیٰ کا مطالبہ ، سی پی آئی لیڈر سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔26نومبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سینئر لیڈر او رسابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے مہارشٹرا سیاسی بحران کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹہرایا اور کہاکہ امیت شاہ اور نریندر مودی کی ایماء پر مہارشٹرا کے سیاسی ڈرامہ کے خاکہ کھینچا گیا ہے اور بی جے پی کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ نے کہاکہ صدرجمہوریہ اور گورنر کے دفاتر کابیجا استعمال کرتے ہوئے غیرجمہوری او رغیر دستوری سرگرمیوں کو انجام دیا گیا ہے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ گورنر مہارشٹرا بی ایس کوشیاری کو غیرجمہوری اور غیر دستوری اقدام کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدینا چاہئے۔انہو ں نے کہاکہ بی جے پی کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ اکثریت نہ ہونے کی باوجود حکومت کی دعویداری کی جائے اور حالات بے قابو ہونے پر اپنااستعفیٰ پیش کردیں۔ انہوں نے گوا ‘ منی پور او رکرناٹک کی مثالیںپیش کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد بی جے پی نے ورنہ اراکین اسمبلی کی خرید وفروخت کے بل پر حکومت کی تشکیل کانہ صرف دعوی پیش کیاتھا بلکہ رات کے اندھیرے میںتیار کی گئی سازش کے مطابق حلف برداری تقریب بھی منعقد کرلی۔ انہوںنے کہاکہ ایودھیاپر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سے بی جے پی سمجھ رہی تھی کہ وہ جوچاہئے کرلے گی مگر عدالت عظمیٰ نے عین وقت پر ان کی تمام تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ سدھاکر ریڈی نے مہارشٹرا میںتشکیل پائے جانے والے نئے اتحاد جس میںکانگریس‘ این سی پی اور شیو سینا شامل ہیں‘ اس کو بھی موقع پرستانہ قراردیا او رکہاکہ مذکورہ حکومت کا مستقبل طویل نہیںہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا و قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہاکہ حالیہ پارلیمانی الیکشن بڑے پیمانے پر بی جے پی کی جیت کے بعد سے ملک میںمسلسل غیرجمہوری اور غیر دستور ی اقدامات مرکزی حکومت کا طریقہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھاری اکثریت سے پارلیمانی الیکشن میںجیت کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے دعوی کیاتھا کہ ملک میںایک طرز کی حکمرانی ہوگی اور مہارشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں میںبی جے پی کے سیاسی حربے دیکھنے کے بعد ہمیںنریندر مودی کے اس دعویٰ پر یقین ہونے لگا کہ یقینا مرکز میںجو حکومت ہے وہ بلکل نئے انداز او رطریقے کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت کے ائینی اصول او راقدار ندارد ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کیونکہ آدھی رات کو سازش کے تحت تشکیل دی جانے والی دو روزہ مہارشٹرا حکومت کو وزیراعظم نریندر مودی نے خود اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اکثریت سے محرومی کا اندازہ تھا اس لئے فلور ٹسٹ پر جانے سے پہلے ہی دیو یندر فنڈنایوس نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔قومی سکریٹری نارائنہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔