مہاراشٹرا کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار کی طیارہ حادثہ میں موت

,

   

دو پائلٹس ، فضائی میزبان اور سکیورٹی آفیسر بھی ہلاک، مہاراشٹرا میں سہ روزہ سوگ کا اعلان، آج آخری رسومات

ممبئی ۔ 28 جنوری (ایجنسیز) مہاراشٹرا کے بارامتی میں چہارشنبہ کو ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثہ میں ریاست کے نائب زیراعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار کی موت ہوگئی۔ چارٹرڈ فلائیٹ ممبئی سے بارامتی جارہی تھی۔ طیارہ صبح 8:45 پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت چار دیگر افراد بھی اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کردیا۔ اجیت پوار ایک تقریب میں شرکت کرنے جارہے تھے۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ طیارہ کس وجہ سے گرا۔ جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہیکہ طیارہ آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا، دھواں اگل رہا ہے۔ ایک ویڈیو میں اجیت پوار کا طیارہ کھیت میں گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مہاراشٹرا میں ریاستی حکومت نے سہ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو 11 بجے دن آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی شرکت متوقع ہے۔ 66 سالہ پوار آج پونے میں جاری ضلع پریشد انتخابات کیلئے کئی ریالیوں سے خطاب کرنے والے تھے۔ ڈی جی سی اے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر وی ایس آر ایوی ایشن کے ذریعہ چلائے جانے والے VT-SSK Learjet 45 طیارے میں سوار تھے۔ اہلکار نے تصدیق کی کہ طیارے میں عملے سمیت پانچ افراد سوار تھے۔ اجیت پوار، 2 مزید اہلکاروں کے ساتھ (PSO اور ایک اٹینڈنٹ) اور عملہ (FO+PIC) کے 2 ارکان طیارے میں سوار تھے۔ طیارہ میں موجود کوئی بھی شخص حادثہ میں نہیں بچ پایا۔ اجیت پوار نے اپنے چچا شردپوار کی پارٹی این سی پی سے منحرف ہوکر اپنی علحدہ پارٹی قائم کرلی تھی۔ اس کے بعد وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے دیویندر فڈنویس زیرقیادت مخلوط حکومت میں شامل ہوئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق طیارے کے پائلٹ اِن کمانڈ کیپٹن سمت کپور تھے ، جن کے پاس 16ہزار گھنٹوں سے زائد پرواز کا تجربہ تھا۔ ان کے ساتھ فرسٹ آفیسر کیپٹن شمبھاوی پاٹھک تھیں، جو طیارے کی ہینڈلنگ، نیوی گیشن اور کمیونی کیشن میں معاونت کر رہی تھیں۔ کیپٹن شمبھاوی پاٹھک ایک تربیت یافتہ اور ماہر پائلٹ تھیں۔ طیارے میں موجود فضائی میزبان پنکی مالی بھی حادثے کا شکار ہو گئیں۔ یہ اجیت پوار کے ساتھ ان کی چوتھی پرواز تھی اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور لگن کیلئے جانی جاتی تھیں۔ اجیت پوار کے ذاتی سیکورٹی افسر ودیپ دلیپ جادھو بھی اس حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔ یہ طیارہ دہلی کی چارٹر کمپنی وی ایس آر ایوی ایشن کے زیر انتظام تھا، جو صبح تقریباً 8 بجے ممبئی سے روانہ ہوا اور برامتی میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق لینڈنگ کے وقت طیارے پر قابو نہ رہ سکا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور زوردار دھماکے ہوئے۔ طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ وی ایس آر ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ اس پرواز کی ذمہ داری کیپٹن سمت کپور اور کیپٹن شمبھاوی پاٹھک کے پاس تھی۔

اجیت پوار کی موت پر صدر سمیت اہم شخصیات کا اظہار تعزیت
نئی دہلی، 28 جنوری (یو این آئی) مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، اپوزیشن کے راجیہ سبھا لیڈر ملکارجن کھرگے سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔صدر مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اجیت پوار کا اچانک انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ بارامتی میں پیش آئے اس المناک ہوائی حادثے سے بے حد دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر کی طیارہ حادثہ میں ناگہانی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ امیت شاہ نے اس حادثے کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے خاندان کے ساتھ اپنا ذاتی نقصان قرار دیا ہے ۔کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اجیت پوار کی افسوسناک موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اجیت پوار جی اور ان کے ساتھ طیارے میں سوار لوگوں کی موت کی خبر نہایت دلخراش ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بارامتی کے قریب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے

اے اے آئی بی کی ٹیم بارامتی طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے روانہ
نئی دہلی، 28 جنوری (یو این آئی) مہاراشٹرا کے بارامتی میں چہارشنبہ کی صبح ہوئے طیارہ حادثے کی جانچ کیلئے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) کی ایک ٹیم روانہ ہو چکی ہے ۔ اس حادثے میں ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت طیارے میں سوار تمام پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں پوار کے علاوہ ان کا ایک ذاتی سیکورٹی افسر، ایک معاون اور عملے کے دو ارکان شامل ہیں۔ وزارت شہری ہوا بازی نے بتایا کہ اے اے آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل جانچ کی قیادت کرنے کیلئے حیدرآباد سے بارامتی کیلئے روانہ ہو چکے ہیں۔ وہ ونگز انڈیا 2026 میں شرکت کیلئے حیدرآباد میں موجود تھے ۔ بیورو کی ٹیم دہلی سے بھی بارامتی کیلئے روانہ ہو گئی ہے ۔ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بزنس جیٹ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی وی آر ایس وینچرز کا لیئر جیٹ 45 تھا۔