وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کی عہدیداران کے ساتھ میٹنگ
ممبئی: مہاراشٹر میں مانسون کی بارش سے کہرام مچ گیا ہے ۔ ریاست کے کئی علاقوں میں ہو رہی بارش کے سبب سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور کئی اضلاع پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ کوکن کے ساحل پر شہر اور دیہی علاقے مکمل طور پرڈوب چکے ہیں۔ان علاقوں میں ریڈ اور آرنج الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔مہاراشٹر کے کوکن خطہ کے رتنا گیری اور رائے گڑھ میں بارش کی وجہ سے حالات ابتر نظر آ رہے ہیں۔ رتناگیری کے چِپلون اور رائے گڑھ کے مہاڈ میں سیلاب آ گیا ہے اور راحت اور بچاؤ کے لئے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو مامور کیا گیا ہے ۔ چِپلون میں سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد دگھرہوگئے ہیں۔اور ان کے وہ رشتہ دار جو چپلون سے باہر موجود ہیں، مدد کی اپیل کررہے ہیں۔اِگت پوری میں کسارا گھاٹ پر چٹان کھسکنے اور تیز بارش کے سبب سینٹرل ریل کی پٹری تک بہہ گئی ہے ۔ ممبئی سے ملحقہ کلیان اور بھیونڈی کو بھی بارش کے پانی نے اپنی آغوش میں لے لیا ہے ۔مہاراشٹر کے تھانے ، پالگھر سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش کے سبب حالات خوفناک نظر آ رہے ہیں۔ پالگھر میں بارش کے سبب تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جبکہ پالگھر اور تھانے میں لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے نقل و حمل پوری طرح درہم برہم ہو گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے نے عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کر کے صورت حال کی معلومات حاصل کی اور راحتی کاموں میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے ۔