ہاوزنگ بورڈ حکام کی کارروائی میں فنکشن ہال انتظامیہ نے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس میں مقدمہ درج
حیدرآباد 26 جولائی : ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم علاقہ میں ہاوزنگ بورڈ حکام کی کارروائی میں رکاوٹ ایک عہدیدار کی مشتبہ موت کا سبب بن گئی ۔ یہ واقعہ شہر میں سنسنی کا سبب بن گیا جہاں ہاوزنگ بورڈ اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر جگدیشور راؤ فوت ہوگئے ۔ بتایا گیا کہ ہاوزنگ بورڈ عہدیدار آج مہدی پٹنم بس ڈپو کے قریب واقع ایم پی فنکشن ہال پہونچے اس فنکشن ہال کے مالکین کی جانب سے ہاوزنگ بورڈ کو کرایہ ادا شدنی ہے اور کرایہ رقم ادا نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کیلئے ہاوزنگ بورڈ کے عہدیدار ایم پی فنکشن ہال پہونچے جہاں پہلے سے مجمع جمع تھا اس دوران ہاوزنگ بورڈ اور فنکشن ہال والوں کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ فنکشن ہال مالکین سمجھے جانے والے افراد نے ہاوزنگ بورڈ عہدیداروں کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی اور فنکشن ہال کو مہر بند کرنے سے روک دیا ۔ اس دوران لفظی جھڑپ شروع ہوئی اور دھکم پیل کے دوران جگدیشور راؤ جو خدمات پر مامور تھا ان کی صحت اچانک بگڑ گئی جس کو فوری نانل نگر کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگیا ۔ ہاوزنگ بورڈ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جگدیشور راؤ کی صحت بہتر تھی اور وہ مسلسل خدمات دے رہا تھا ۔ اس موقع پر ہاوزنگ بورڈ عہدیدار محمد فہیم الدین اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ ہاوزنگ بورڈ کی جانب سے ایم پی فنکشن ہال کو مہر بند کرنے عہدیداروں کی ٹیم پہونچی تھی اور فنکشن ہال مالکین کو نوٹس دیا گیا لیکن انہوں نے نوٹس حاصل نہیں کیا اور نوٹس کو دیوار پر لگادیا گیا تھا ۔ کل رات آصف نگر پولیس سے پولیس پروٹیکشن کی درخواست کی گئی تھی اور پولیس کا عملہ بھی موجود تھا ۔ اس دوران بحث و تکرار کے دوران کارروائی میں خلل پیدا کیا گیا اور ایک عہدیدار دھکم پیل میں گرپڑا اور اس کی صحت بگڑ گئی جو ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ ہاوزنگ بورڈ عہدیدار کے مطابق جگدیشور راؤ صحت مند تھا جس کی عمر تقریبا 55 سال بتائی گئی ہے ۔ جناب محمد فہیم الدین اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر ہاوزنگ بورڈ نے بتایا کہ جگدیشور راؤ بورڈ کی کارروائی میں ساتھ تھے اور ان کی صحت بہتر تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے خلاف آصف نگر پولیس میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے ۔ اس واقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر پولیس آصف نگر مسٹر کشن راؤ نے بتایا کہ ایم پی فنکشن ہال میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوا اور اس دوران ایک عہدیدار کی جان چلی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ جگدیشور راؤ کی موت پر ہاوزنگ بورڈ عہدیداروں نے شکایت کی اور پولیس اس میں سخت کارروائی انجام دے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں دھکم پیل کی تصدیق ہوئی تاہم پولیس سے مکمل تحقیقات کی جائے گی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔۔ ع