حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے خودکشی کرنے والے ہوم گارڈ رویندر کے پسماندگان سے ملاقات کی اور کانگریس پارٹی کی جانب سے دو لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کے ساتھ عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر رویندر کی بیوہ اور بچوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت سے انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن مساعی کرے گی۔ پسماندگان نے ریونت ریڈی کو بتایا کہ تنخواہ کی عدم ادائیگی اور اعلیٰ عہدیداروں کے رویہ سے رویندر ذہنی تناؤ کا شکار ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہوم گارڈ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ریونت ریڈی نے کمشنر پولیس سی وی آنند سے فون پر بات چیت کی اور رویندر کے افراد خاندان کی ہر ممکنہ مدد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کا ردعمل مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ رویندر کے افراد خاندان کی ہر ممکن مدد کریں۔ احتجاج کرنے والے ہوم گارڈ جے اے سی کے قائدین کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ہوم گارڈس کی بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔