سگاچی انڈسٹریز لمیٹیڈ کا اعلان ، ری ایکٹر میں دھماکہ کی تردید
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سنگا ریڈی انڈسٹریل ایریا پاشا میلارم میں واقع سگاچی انڈسٹریز لمٹیڈ نے دھماکہ کے مہلوکین کے پسماندگان کیلئے فی کس ایک کروڑ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ کمپنی کی جانب سے حادثہ کے بارے میں ایک بیان جاری کیا گیا جس پر کمپنی کے سکریٹری ویویک کمار کی دستخط ہے۔ سگاچی انڈسٹریز نے وضاحت کی ہے کہ پاشا میلارم میں واقع فیکٹری میں آتشزدگی ری ایکٹر میں دھماکہ سے نہیں ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی کے واقعہ کے بعد سے انتظامیہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں حکام کی مدد کر رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور جاری تحقیقات میں ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کا مکمل علاج اور ان کی بازآبادکاری کمپنی کی جانب سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ ری ایکٹر میں دھماکہ کا نتیجہ نہیں ہے تاہم انہیں تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار ہے۔ سگاچی انڈسٹریز نے کہا کہ متاثرہ پلانٹ میں آئندہ 90 دنوں تک احتیاطی طور پر تمام سرگرمیوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ کمپنی نے کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے ڈی سدرشن اور فاروق شیخ نامی افراد کے ٹیلیفون نمبرس جاری کئے۔ اسی دوران کمپنی کے سابق ڈائرکٹر چدمبرم ناتھن نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا انتظامیہ واقعہ کے بعد سے دستیاب ہے اور چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر ذمہ دار عہدیداروں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے کسی بھی لاپرواہی کی تردید کی۔ چدمبرم ناتھن کے مطابق وہ ضلع کلکٹر ، ایس پی اور دیگر عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 30 سال سے زائد عرصہ سے کمپنی قائم ہے اور عوام اس کی کارکردگی سے بہتر واقف ہیں۔ کمپنی کے انتظامیہ کا راہ فرار اختیار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔1
فیکٹری دھماکہ کی جانچ کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سنگا ریڈی کے پاشا میلارم میں فیکٹری دھماکہ کی جانچ کیلئے تلنگانہ حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ 4 سائنسدانوں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے احکامات جاری کئے گئے ۔ سی ایس آئی آر کے سائنسداں وینکٹیشور راؤ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ ارکان میں چیف سائنٹسٹ پرتاپ کمار ، سوریا نارائنا اور جی سنتوش شامل ہیں۔ پرنسپل سکریٹری لیبر اینڈ ایمپلائیمنٹ ایم دانا کشور نے جی او جاری کیا۔ یہ کمیٹی سگاچی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ کی وجوہات کی جانچ کرے گی ۔ اس کے علاوہ ورکرس کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت کو احتیاطی تدابیر تجویز کرے گی۔ فیکٹری میں ورکرس کے تحفظ سے متعلق احتیاطی تدابیر عمل آوری کا یہ کمیٹی جائزہ لے گی۔ کمیٹی ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔1
کیمیکل فیکٹری دھماکہ ، متاثرہ خاندانوں کا احتجاج
لاپتہ افراد کا پتہ چلانے کا مطالبہ، بارش کی وجہ سے راحت و امدادی کام سست
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سنگا ریڈی کے پاشا میلارم کیمیکل فیکٹری میں بم دھماکہ میں ہلاک اور زخمی ورکرس کے افراد خاندان نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے لاپتہ افراد کا پتہ چلانے میں تاخیر پر ناراضگی جتائی ۔ دھماکہ کے دو دن گزرنے کے باوجود 11 افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ متاثرین کے افراد خاندان روز فیکٹری کے احاطہ میں پہنچ کر معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ علاقہ میں تیز بارش کے سبب امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا آج صبح جیسے ہی فیکٹری پہنچے متاثرین کے افراد خاندان نے ان کی گاڑی کو روک دیا اور پولیس عہدیداروں سے بحث و تکرار کی ۔ ریاستی وزیر نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاپتہ افراد کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کریں گے ۔ متاثرین کے افراد خاندان نے فیکٹری کے اطراف تعینات پولیس عہدیداروں سے اس وقت بحث و تکرار کی جب انہیں فیکٹری کے احاطہ میں داخلہ سے روک دیا گیا۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ مہلوکین کی حقیقی تعداد کو چھپایا جارہا ہے۔ لاپتہ افراد کے بارے میں حکام کو وضاحت کرنی چاہئے ۔1