نئی دہلی : اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گیری کی مشتبہ موت کے معاملے کی جانچ پر مرکزی حکومت کی مہر لگنے کے بعد سی بی آئی نے جانچ کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ سی بی آئی ذرائع نے جمعہ کوبتایا کہ مرکزی حکومت نے اترپردیش حکومت کی درخواست پرجانچ کی منظوری دیدی ہے ۔ اس کے بعد پرسنل اینڈ ٹریننگ ڈپارٹمنٹ نے جانچ سے متعلق ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے ۔ اس بنیاد پر مرکزی تفتیشی ایجنسی نے جانچ کی ذمہ داری سنبھال لی ہے ۔ ملک کے سادھوؤں کی سب سے بڑی تنظیم کے صدررہے مہنت نریندر گیری کی نعش اترپردیش کے پریاگ راج کے باگھمبری مٹھ میں پیر کو لٹکی ہوئی پائی گئی تھی ۔ مہنت گیری کی موت پر کئی سوالات اٹھ رہے تھے ۔ مختلف اہم سیاسی جماعتوں اور سماجی مذہبی تنظیموں سے وابستہ لوگوں اور قائدین کی طرف سے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔