مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے عوام کو اُلجھانے کی کوشش

   

مرکزی و ریاستی حکومتوں کے ہتھکنڈوں سے عوام واقف : سی پی آئی
بودھن : بودھن کے موضع پینٹاکر میں سی پی آئی کی جانب سے منعقدہ مہا سبھا سے آرگنائیزر شیخ بابو اور ضلع جنرل سکریٹری کے بھومیا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں ٹی آر ایس کی جانب سے عوام دشمن پالیسی اپنارہی ہے اس دوران مرکز کی جانب سے تین زرعی دشمن قانون لاگو کرنے کے بعد تقریباً 750 کسانوں نے اقدام خودکشی کی ۔ کمیونسٹ قائدین نے کہاکہ پکوان گیس ، پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں صد فیصد اضافہ کئے جانے کی وجہ سے مہنگائی میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ کمیونسٹ قائدین نے کہاکہ ذات پات و مذہب جیسے حساس مسائل میں عوام کو اُلجھاکر مرکزی و ریاستی سرکاریں عوام کو اصل گرانی کے مسئلہ سے ہٹاکر فرقہ پرستی کے مسائل میں اُلجھارہی ہے ۔ شیخ بابو نے کہاکہ عوام مرکزی و ریاستی سرکاروں کے ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہوچکی ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ آج سی پی آئی کے مہاسبھا اجلاس کے دوران تقریباً 20 افراد نے ان کی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا جنھیں کھنڈوا پہناکر سی پی آئی میں شامل کرلیا گیا ۔