قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بھٹی وکرماکار کی سیکل ریالی، عوام کی غیر معمولی تائید
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے حکومت سے سوال کیا کہ مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کس طرح زندگی بسرکرے گا؟ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک بھر میں عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سیکل یاترا کا آغاز کیا ہے جو آج دوسرے دن بھی جاری رہی ۔ انہوں نے کتہ گوڑم کے مختلف علاقوں میں یاترا کے دوران عوام بالخصوص خواتین اور ورکرس سے ملاقات کی اور قیمتوں میں اضافہ سے پیدا شدہ مسائل پر معلومات حاصل کیں۔ سیکل یاترا دوسرے دن پالونچہ سے شروع ہوئی اور لکشمی دیوی پلی تک جگہ جگہ عوام نے بڑی تعداد میں استقبال کیا ۔ خواتین نے بھٹی وکرمارکا کو معاشی مسائل سے واقف کرایا اور حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ عوام نے کہا کہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہر خاندان پر زبردست بوجھ ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ سے متوسط طبقات کا معاشی نظام درہم برہم ہوچکا ہے ۔ روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد 200 روپئے میں کس طرح اپنے خاندان کی کفالت کر پائیں گے۔ اشیائے ضروریہ بشمول ترکاری کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے ۔ سیکل یاترا کے دوران آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین نے یاترا کی تائید کی۔ خواتین کے مسائل کی سماعت کے بعد بھٹی وکمارکا نے مشورہ دیا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے کو سبق سکھائیں کیونکہ دونوں پارٹیاں موجودہ بحران کیلئے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا اکہ ریاستی حکومت نے ٹیکسوں میں کمی کے ذریعہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے جس کے نتیجہ میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔