حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کوئی بھی کام مہورت کی بنیاد پر کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں اپنی لکی نمبر کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ انتخابی منشور کی اجرائی اور امیدواروں کو بی فارمس حوالے کرنے کیلئے بھی کے سی آر نے مہورت اور لکی نمبر کا خاص خیال رکھا۔ نو روزہ نوراتری فیسٹول کے آغاز کے دن کے سی آر نے انتخابی منشور جاری کیا جو مبارک موقع تصور کیا جاتا ہے اور کے سی آر نے جس تاریخ کا انتخاب کیا وہ 15 اکٹوبر ہے اور دونوں ہندسوں کو جمع کرنے پر 6 آتا ہے جو کہ کے سی آر کا لکی نمبر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے انتخابی منشور کی اجرائی اور انتخابی مہم کے آغاز کیلئے مختلف نجومیوں اور پنڈتوں سے مشاورت کی جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نوراتری فیسٹول اور 15اکٹوبر کی صلاح دی۔ لہذا چیف منسٹر انتخابی منشور جاری کرتے ہی جلسہ عام سے خطاب کرنے حسن آباد روانہ ہوگئے۔