گاندھی بھون میں تیاری عروج پر ، کانگریس کے سینئیر قائد محمد مقصود احمد کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق صدر نشین سٹ ون محمد مقصود احمد نے بتایا کہ نو منتخب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ 15 ستمبر بروز اتوار دوپہر 2 بجے گاندھی بھون میں اپنی نئی ذمہ داری قبول کریں گے ۔ پارٹی کے کارکن بھاری تعداد میں اس تقریب میں شریک ہو کر کامیاب بنائے ۔ محمد مقصود احمد نے کہا کہ ہائی کمان نے پارٹی کی صدارت کے لیے موزوں شخصیت کا انتخاب کیا ہے جو سب کے لیے قابل قبول ہے ۔ پارٹی کیڈر کے لیے مہیش کمار گوڑ ہمیشہ دستیاب رہتے ہیں ۔ پارٹی کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ زمانہ طالب علمی سے کانگریس سے وابستہ ہونے والے مہیش کمار گوڑ نے پارٹی میں ایک ڈسپلن سپاہی کی طرح کام کیا ہے ۔ پارٹی کے اصولوں پر قائم رہے ہیں ۔ پارٹی کے استحکام کے ساتھ پارٹی قائدین کو جوڑ کر رکھنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے انمول خدمات انجام دیتے ہوئے بی آر ایس کو اقتدار سے محروم کرنے اور کانگریس کو اقتدار حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے جس کے بعد یہ ذمہ داری مہیش کمار گوڑ کے کندھوں پر آئی ہے ۔ پارٹی کے تمام قائدین کو مہیش کمار گوڑ سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ بالخصوص اقلیتوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے ۔ ریاست میں آئندہ منعقد ہونے والے گرام پنچایت ، مقامی اداروں اور کارپوریشنس کے انتخابات میں ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کی جوڑی بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے نئے ریکارڈس درج کرے گی ۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے وعدوں پر عمل آوری سے عوام خوش ہیں اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر حکومت کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کررہی ہیں ۔۔ 2