مہیش کمار گوڑ تجربہ کار سیاستداں، منفرد پہنچان

   

پی سی سی صدر منتخب کئے جانے پر نرمل کے کانگریس قائدین کی جانب سے تہنیت کی پیشکشی

نرمل ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہیش کمار گوڑ ایم ایل سی کو پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کئے جانے کے بعد کانگریسی حلقوں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی، صدر ضلع کانگریس نرمل کے سری ہری راؤ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد پہنچ کر مہیش کمار کو نونامزد صدر پی سی سی بنائے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ حیدرآباد سے فون پر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر سید جلیل ازہر روزنامہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مہیش کمار گوڑ ایک تجربہ کار سیاستداں ہونے کے ساتھ ساتھ کالج کے زمانہ سے انہوں نے کانگریس پارٹی کو مضبوط بناتے ہوئے ایم ایس یو آئی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ تک رسائی کی، بعد ازاں انہیں ایم ایل سی بننے کا موقع ملا۔ کانگریس کے اعلیٰ قائدین میں ان کی اپنی ایک منفرد شناخت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گوڑ نے آج پی سی سی کے عہدہ تک رسائی کی۔ ہائی کمان نے شاندار فیصلہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے صدر کی حیثیت سے نامزد کیا۔ ضلع نرمل کے عوام کے لئے بھی یہ بات باعث فخر ہے کہ پڑوسی ضلع سے قبل ازیں آنجہانی ڈی سرینواس صدر پردیش کانگریس متحدہ ریاست رہ چکے ہیں۔ اب اسی ضلع سے مہیش کمار گوڑ کی نامزدگی سے کانگریس کیڈر میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ ان کے ہمراہ نرمل کے سینئر سیاسی رہنما جیون گوڑ بھی موجود تھے۔ دریں اثناء نرمل کے اقلیتی قائدین سید کلیم صبا، محمد عتیق احمد سابق معاون رکن ضلع پریشد، مظہر خان سینئر کانگریس قائد کے علاوہ محمد ذیشان علی، محمد زاہد علی، صدر انیس بلدیہ جی ایشور، پی راجیشور ریڈی زیڈ پی ٹی سی نے اپنے اپنے علیحدہ بیانات میں مہیش کمار گوڑ کی صدر پردیش کانگریس نامزدگی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔