پارٹی کی عاملہ اور نامزد عہدوں پر تقررات کی نمائندگی
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ نئی دہلی میں دو دن قیام کریں گے اور توقع ہے کہ وہ ہائی کمان کے اہم قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرائیں گے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ، جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اور دیگر قائدین کو تلنگانہ حکومت کی کارکردگی اور ریاست میں کانگریس کے استحکام کی مساعی کی تفصیلات پیش کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مہیش کمار گوڑ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بی آر ایس سے ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کے مسئلہ پر سینئر قائدین کی ناراضگی پر بات چیت کی جائے گی۔ رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی نے پارٹی اور حکومت کے خلاف جو بیان دیا ہے ، اس بارے میں ہائی کمان کو واقف کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مہیش کمار گوڑ نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں ہائی کمان سے اجازت کی درخواست کریں گے۔ وہ کل ہفتہ کو نئی دہلی میں سینئر قائد کانگریس وی ہنمنت راؤ کی کتاب کی تقریب رسم اجراء میں شرکت کریں گے۔ 1