مہیش کمار گوڑ کی مساعی پر کونڈا سریکھا نے بیان واپس لیا

   

تنازعہ کو ختم کرنے صدرپردیش کانگریس کی اپیل
حیدرآباد 3 اکتوبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تلگو فلم صنعت سے وابستہ افراد سے اپیل کی کہ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کی وضاحت کے بعد بیان بازی کا سلسلہ روک دیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے فلمی شخصیتوں پر جو ریمارکس کئے تھے، ان سے غیر مشروط دستبرداری اختیار کرلی ۔ مہیش کمار گوڑ نے اس تنازعہ پر ریاستی وزیر سے بات کی اور انہیں اپنا بیان واپس لینے کا مشورہ دیا ۔ کونڈا سریکھا نے فلم اسٹار ناگر جنا کے خاندان پر بعض شخصی ریمارکس کئے تھے ۔ سابق وزیر کے ٹی آر کو نشانہ بناکر کونڈا سریکھا نے فلمی شخصیتوں کے ڈرگس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے اپنا بیان غیر مشروط واپس لے لیا ہے۔ فلمی شخصیتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس تنازعہ کو یہیں ختم کردیں۔ دونوں جانب سے بیان بازی کا سلسلہ روک دیا جائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے فلم انڈسٹری سے وابستہ خواتین کی محنت کی ستائش کی ۔ ان کا مقصد فلمی اداکاروں کی توہین کرنا نہیں تھا ۔ کے ٹی آر کے قریبی افراد کی جانب سے کونڈا سریکھا کے خلاف جو ویڈیوز وائرل کئے گئے ، اس سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے بیان دیا تھا۔ 1