مہیش کمار گوڑ کے مضامین پر مشتمل کتاب کی ریونت ریڈی نے رسم اجراء انجام دی

   

حکومت کی دیڑھ سالہ کارکردگی کا احاطہ، میناکشی نٹراجن اور دوسروں نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد : 24 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے مضامین پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء انجام دی۔ حکومت کے دیڑھ سال کی تکمیل کے موقع پر مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے مہیش کمار گوڑ کے مضامین کو کتابی شکل دی گئی ہے جس کا عنوان ’’تباہی سے ترقی تک‘‘ رکھا گیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے اس کتاب میں انتخابی وعدوں کی تکمیل اور مختلف طبقات کی بھلائی کے لیے شروع کی گئی اسکیمات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے سابق بی آر ایس دور حکومت کی ناکامیوں کو پیش کیا ہے۔ سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن، اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور سینئر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ میناکشی نٹراجن نے مہیش کمار گوڑ کی ستائش کی جنہوں نے عوام کے لیے حکومت کے کارناموں اور کارکردگی کو پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں اور قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارناموں کو عوام تک پہنچائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی اور کتاب کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کا مشورہ دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انہوں نے اپنے مضامین کے ذریعہ حکومت کی 18 ماہ کی کارکردگی کا احاطہ کیا ہے۔ کانگریس حکومت نے محض دیڑھ سال میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہندوستان کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا اور دوسروں نے مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی۔1