حیدرآباد : /31 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس پی نوین راؤ نے اے پی مہیش کوآپریٹیو اربن بینک لمیٹیڈ کے 15 ڈائرکٹرس کو تحقیر عدالت میں قصوروار پائے جانے پر 15 دن کی سزاء اور 2 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اومیش چندر اسوا منیجنگ ڈائرکٹر ، او سی او رمیش کمار بنگ چیرمین ، پرشوتم داس مندھانا ، لکشمی نارائن راٹھی وائس چیرمین اور دیگر 7 ڈائرکٹرس شامل ہیں ۔ عدالت نے سینئر وکلا کی پیروی پر اس سزاء کو 30 دن کیلئے معطل کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دی ۔ تفصیلات کے مطابق سوسائیٹی کے ارکان بینک کے ایگزیکٹیو باڈی کے انتخابات کی مخالفت کررہے تھے جبکہ بعض اس کے حق میں تھے ۔ اس سلسلہ میں ذیلی درخواستیں بھی رٹ کی شکل میں داخل کی گئی تھیں جس میں رائے دہندگان اور ان کے ریکارڈ پر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ عدالت نے ان درخواستوں پر ایک آرڈر جاری کیا تھا جس میں 9 منتخب ڈائرکٹرس کو بینک کی پالیسی اور دیگر معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے لیکن عدالت کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذکورہ ڈائرکٹرس نے بینک سوسائیٹی معاملات میں مداخلت کرتے رہے جو تحقیر عدالت ہے اور اس میں وہ قصور وار پائے گئے ۔ جسٹس نوین راؤ نے 15 ڈائرکٹرس کو تحقیر عدالت میں قصوروار پائے جانے پر دو ہفتوں کی معمولی سی سزاء اور 2 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا اور اس رقم کو اندرون 4 ہفتہ اداکرنے کی ہدایت دی ۔