حیدرآباد : کافی عرصے سے یہ خبریں شائع ہو رہی ہیں کہ پرینکا چوپڑا مہیش بابو اسٹارر فلم کا حصہ ہیں جس کی ہدایت کاری ایس ایس راجامولی کررہے ہیں ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پرینکا اس فلم میں ویلن کے کردار میں نظر آئیں گی لیکن اب تک اس بارے میں کوئی باضابطہ خبر سامنے نہیں آئی ہے تاہم اب ان کی والدہ نے فلم میں پرینکا کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔ پرینکا چوپڑاکی والدہ مدھو چوپڑا نے ایک حالیہ انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ پرینکا ایس ایس ایم بی29 (عارضی عنوان) میں ہوں گی۔ لہرین ریٹروکے ساتھ ایک انٹرویو میں پرینکا چوپڑا کی والدہ مدھو سے جب مذکورہ فلم میں ان کی بیٹی کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کھل کرکچھ نہیں کہا لیکن کہا، وہ وہاں شوٹنگ کر رہی ہیں۔ اس کے بعد جب انٹرویو لینے والے نے کہا کہ پرینکا اس وقت حیدرآباد میں شوٹنگ کررہی ہیں تو مادھو نے بھی اس سے اتفاق کیا۔ ایس ایس راجامولی کی ایس ایس ایم بی29 کافی دنوں سے خبروں میں ہے۔ فی الحال اس فلم کے اصل نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم فلم شروع سے ہی دھوم مچا رہی ہے۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو پرینکا فلم میں ویلن کاکردار اداکررہی ہیں اور اس کردار کے لیے انہیں 30 کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا ہے۔ فی الحال وہ حیدرآباد میں ایک ایلومینیم فیکٹری میں فلم کے دوسرے شیڈول کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔خبری کی رپورٹ کے مطابق راجامولی اور فلم کے مرکزی ہیرو مہیش بابو جلد ہی حیدرآباد میں ایک میڈیا پروگرام کے ذریعے اپنی فلم کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ اس تقریب میں وہ فلم سے متعلق اہم معلومات بھی شیئرکریں گے۔ جاری شیڈول مکمل کرنے کے بعد ٹیم بیرون ملک شوٹنگ کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ جنگل کا ایڈونچر ہوگا۔ فلم کا بجٹ تقریباً 1000 کروڑ روپے ہے۔علاوہ ازیں اس فلم کے متعلق کئی اہم خبریں سامنے آرہی ہیں جس میں یہ بھی کہا جارہا ہیکہ یہ ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑے بجٹ والی فلم ہوگی جو کہ راجا مولی کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہوگی ۔