مہیما ڈاٹلا ‘ تلنگانہ و اے پی کی دولتمند ترین خاتون

   

حیدرآباد۔ 7 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کی 44 سالہ مہیما ڈاٹلا مینیجنگ ڈائرکٹر بیالوجیکل ای لمیٹیڈ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی سب سے دولتمند ترین خاتون ہیں۔ ان کی دولت کا تخمینہ 7,700 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے۔ آئی آئی ایف ایل ویلتھ ہورون انڈیا رچ لسٹ 2021 میں یہ انکشاف ہوا ہے ۔ یہ فہرست حال میں جاری کی گئی ہے ۔ اس فہرست میں ملک کے ان افراد کو جگہ دی گئی ہے جن کی انفرادی دولت 1,000 کروڑ سے زائد کی ہے ۔ 44 سالہ مہیما ویبسٹر یونیورسٹی لندن سے بزنس اڈمنسٹریشن میں بیچلرس ڈگری رکھتی ہیں۔ وہ 2001 سے بیالوجیکل ای سے وابستہ ہیں۔ یہ کمپنی مہیما کے داد نے 1948 میں قائم کی تھی ۔ یہ کمپنی ہیپارن
Heparin
نامی دوا تیار کرتی ہے جو خون کے لوتھڑے بننے سے روکتی ہے ۔ یہ کمپنی کورونا کے چار ٹیکوں کی دریافت پر بھی کام کر رہی ہے ۔ دولتمند خواتین کی فہرست میں صرف ایک اور خاتون کے لکشمی راجو بھی شامل ہے جو این اے سی ایل انڈسٹریز کی صدر نشین ہیں۔ ان کی دولت 1,000 کروڑ بتائی گئی ہے ۔ وہ تلگو ریاستوں میں 41 ویں نمبر پر ہے ۔ جبکہ بحیثیت مجموعی مہیما ڈاٹلا اور ان کا خاندان 15 ویں نمبر پر ہے ۔ اس سال کی فہرست میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 69 افراد شامل ہوسکے ہیں جن کی اجتماعی دولت 3,79,200 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے جو گذشتہ سال سے 54 فیصد زیادہ ہے ۔