22 دن میں 2.7 لاکھ مرتبہ استفادہ کیا گیا : ڈی سریدھر بابو
حیدرآباد 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ فلیگ شپ ڈیجیٹل خدمات می سیوا، واٹس ایپ، چیاٹ باٹ پر عوام کا زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ ریاست بھر میں 22 دنوں کے دوران 2.7 لاکھ مرتبہ اِن خدمات سے استفادہ کیا گیا ہے۔ ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ 18 نومبر کو می سیوا کے تحت ایڈیشنل ڈیجیٹل چیانل خدمات کا حکومت نے آغاز کیا ہے۔ یہ خدمات عوام کے لئے منفرد ثابت ہورہی ہے۔ تصدیقی سرٹیفکٹس کی درخواستیں بڑے پیمانے پر وصول ہورہی ہیں۔ اِس کے علاوہ عوام بلز کی تفصیلات بھی اِس خدمات سے حاصل کررہے ہیں۔ عوامی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ڈیجیٹل خدمات کو توسیع دینے کے لئے اِس کا آغاز کیا ہے۔ گورنمنٹ الیکٹرانک سرویس ڈیلیوری (ای ایس ڈی) شعبہ کے تحت 18 نومبر سے 9 ڈسمبر تک می سیوا واٹس ایپ خدمات کے لئے عوام نے 2 لاکھ 78 ہزار 267 مرتبہ اِس سے استفادہ کیا ہے۔ اِس مدت کے دوران 2 لاکھ 9 ہزار 84 مختلف موبائیل فون نمبر کے ذریعہ اِن خدمات سے استفادہ کیا گیا ہے۔ اِسی مدت کے دوران 75 ہزار 655 درخواستیں بھی داخل ہوئی ہیں۔ اِن میں 1403 درخواستوں کو ہی اصل درخواستیں تصور کیا گیا ہے۔ مابقی درخواستیں اِن خدمات کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے یا اِس نئے نظام کے استعمال سے متعلق ہیں۔ 45829 مرتبہ درخواستوں کے اپ ڈیٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اِس طرح یہ خدمات مجموعی طور پر 81.3 فیصد تک درج کی گئی ہیں۔ زیادہ تر عوام برتھ سرٹیفکٹ، انکم سرٹیفکٹ، پولیس چالانات، برقی بلز کی ادائیگی کے لئے اِس سے استفادہ کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت سریدھر بابو نے کہاکہ اِن خدمات کو مستقبل میں مزید توسیع دیتے ہوئے سرکاری خدمات کو عوام کے لئے مزید آسان اور سہل بنایا جائے گا۔2
