ملازمین میں سنسنی، دفتر بند ، عہدیدار گھروں تک محدود
حیدرآباد ۔10۔ جون(سیاست نیوز) شہر میں کورونا کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری محکمہ جات کے دفاتر بھی اب کورونا سے محفوظ نہیں۔ جی ایچ ایم سی کے ہیڈکوارٹر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ٹینک بنڈ پر واقع بلدیہ کے دفتر میں مزید ایک ملازم کو کورونا پازیٹیو پایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ میئر بی رام موہن کی پیشی میں کام کرنے والے ایک اٹینڈر میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ اطلاع کے ساتھ ہی سارے دفتر میں سنسنی دوڑ گئی اور میئر کی پیشی کو بند کردیا گیا۔ وہاں پر کام کرنے والے عہدیداروں اور ملازمین کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ۔ میئر کے دفتر کو سینیٹائز کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے دفتر میں کورونا کے واقعات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تمام ملازمین کا ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دو دن قبل جونیئر اسسٹنٹ نے کورونا کی علامات پائی گئی تھیں۔ بلدیہ کے ہیلت ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے والے تقریباً 40 ملازمین کا ٹسٹ کیا جائے گا۔ یہ ٹسٹ سروجنی دیوی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس انجام دیں گے ۔ اسی دوران مرکزی حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری سنجے راجو نے حیدرآباد میں کور ونا کی صورتحال پر جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار اور کلکٹر حیدرآباد سویتا موہنتی سے تفصیلات حاصل کیں۔