میئر و ڈپٹی میئر عہدوں کیلئے ٹی آر ایس قائدین کی سرگرمیاں

   


رشتہ داروں کو عہدے دلانے پیروی، امیدواروں کے نام پر اتفاق رائے کیلئے مساعی
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میئر و ڈپٹی میئر کیلئے آئندہ ماہ انتخابات کے پیش نظر برسر اقتدار ٹی آر ایس قائدین اپنے رشتہ داروں اور قریبی افراد کو عہدے دلانے سرگرم ہوچکے ہیں۔ قواعد کے مطابق 15 فروری تک نئے میئر کو عہدہ کی ذمہ داری قبول کرلینی ہے اور نو منتخب ارکان کے ناموں پر مشتمل گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد اندرون ایک ماہ دونوں عہدوں کیلئے انتخابات کرائے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میئر کا عہدہ اس مرتبہ خاتون کیلئے مختص ہے۔ پارٹی ہائی کمان نے میئر و ڈپٹی میئر کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض کا آغاز کیا ہے ، ایسے میں ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اور کونسل نے اپنے رشتہ داروں اور حامیوں کو مذکورہ عہدوں پر فائز کرنے کی مہم شروع کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض وزراء بھی اس مہم میں شامل ہوچکے ہیں۔ میئر کے عہدہ کیلئے جو نام پارٹی میں زیر گشت ہیں ، ان میں سابق سی ایل پی لیڈر پی جناردھن ریڈی کی دختر ، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی دختر شامل ہیں۔ پی جے آر کی دختر پی وجیا ریڈی خیریت آباد ڈیویژن اور کیشو راؤ کی دختر وجئے لکشمی بنجارہ ہلز ڈیویژن سے منتخب ہوئی ہیں۔ ان کے علاوہ بھارتی نگر کی کارپوریٹر سندھو آدرش ریڈی ، الوال کارپوریٹر سی ایچ وجئے شانتی، وینکٹیشورا کالونی کارپوریٹر ایم کویتا ریڈی اور تارناکہ کی کارپوریٹر لتا ریڈی میئر کے عہدہ کے لئے دعویداروں میں شامل ہیں۔ سندھو آدرش ریڈی پارٹی کے ایم ایل سی وی بھوپال ریڈی کی بہو ہیں جبکہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کنکا ریڈی کی بہو سی ایچ وجئے شانتی نے عہدہ کیلئے خود کو مضبوط دعویداروںکے طور پر پیش کیا ہے ۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ چیف منسٹر کے سی آر کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ نومنتخب کارپوریٹرس کی حلف برداری 9 اور10 فروری کو ہوگی اور میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن 11 اور 12 فروری کو ہوگا۔