پہلے شہری کا درجہ ، چار سال تک تحریک عدم اعتماد ممکن نہیں
حیدرآباد ۔17 ۔ فروری (سیاست نیوز) ریاست کے 7 میونسپل کارپوریشن اور 116 بلدیات میں نئے میئرس ، ڈپٹی میئرس، چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ شہری انتظامیہ میں انہیں ’’پہلا شہری‘‘ کا درجہ حاصل ہوتا ہے اور صدر جمہوریہ ، وزیراعظم یا دیگر معزمین کے دوروں کے موقع پر پروٹوکال میں انہیں اولین حیثیت دی جاتی ہے ۔ کارپوریٹرس اور کونسلرس کی میعاد انتخاب کی تاریخ سے پانچ سال تک ہوگی۔ ریاستی میونسپل ایکٹ کے مطابق میئر ، ڈپٹی میئر ، چیر پرسن اور وائس چیر پرسن کے خلاف ان کی مدت کار کے ابتدائی چار برسوں کے دوران تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ چار سال مکمل ہونے کے بعد انہیں عہدہ سے ہٹانے کیلئے کل ووٹنگ ممبران میں سے کم از کم نصف کے دستخطوں کے ساتھ ن وٹس دینا ہوگا اور قرارداد کو دو تہائی اکثریت سے منظور کرانا لازمی ہوگا ۔ میئر اور چیر پرسن کی غیر موجودگی میں ڈپٹی میئر اور وائس چیرمین گورننگ باڈی کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں ۔ گورننگ باڈی کو صفائی نظام کی نگرانی ، سڑکوں کی تعمیر ، نکاسی آب کے انتظام ، درختوں کی شجرکاری ، پینے کے پانی کی فراہمی ، اسٹریٹ لائیٹس کی دیکھ بھال ، عوامی شکایات کی یکسوئی ، ٹیکس وصولی اور قرضوں کی ادائیگی جیسی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اگر متعلقہ وارڈ ممبر پودوں کی دیکھ بھال میں ناکام رہتا ہے تو پنچایت راج ایکٹ کے تحت اس کے خلاف کارروائی حتیٰ کہ عہدے سے برطرفی بھی ممکن ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں مختلف اسکیمات اور گرانٹس کے تحت بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم کرتی ہیں ۔ میونسپل کارپوریشن میں پانچ جبکہ میونسپلٹیز میں چار معاون اراکین نامزد کئے جاتے ہیں۔ انہیں کونسل یا کارپوریشن کے اجلاسوں میں بحث کا حق حاصل ہوتا ہے ۔ تاہم وہ ووٹ نہیں دے سکتے ۔ جہاں تک تنخواہوں کا معاملہ ہے میئر کو ماہانہ 65 ہزار روپئے ، ڈپٹی میئر کو 32 ہزار روپئے اور کارپوریٹر کو 7,800 روپئے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 50 ہزار زائد آبادی والی بلدیات میں چیرپرسن کی تنخواہ 19,500 روپئے ڈپٹی چیر پرسن کی تنخواہ 9750 روپئے اور کونسلرس کی تنخواہ 4550 روپئے مقرر ہے۔ 50 ہزار سے کم آبادی والی بلدیات میں چیرپرسن کو ماہانہ 15,600 ، ڈپٹی چیر پرسن کو 6,500 روپئے اور کونسلرس کو 3,250 روپئے ماہانہ ادا کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ میئر کو گاڑی اور دیگر الاؤنسس کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے اور وہ عملہ کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔2