یانگون: میانمار میں فوجی بغاوت کے چار روز بعد معزول سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کے ایک اہم معتمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سو چی کی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے ایک اہم سیاست دان وِن تِئن کو سکیورٹی فورسز نے اقتصادی مرکز ینگون میں ان کی بیٹی کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ اس 79 سالہ سیاست دان کو بعد ازاں ملکی دارالحکومت کے ایک پولیس اسٹیشن میں پہنچا دیا گیا۔ وِن تِئن سوچی کے دست راست مانے جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد انگریزی زبان کے میڈیا کو دیے گئے کئی انٹرویوز میں ملکی فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کی شدید مذمت کی تھی۔