گوالیار ۔ ہندوستانی نوجوان فاسٹ بولر میانک یادو نے اپنے بین الاقوامی کیریئرکا آغاز میڈن اوور سے کیا۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں ایک بھی رن نہیں دیا تھا۔ ٹی 20 کرکٹ میں میڈن اوور کرنا بہت مشکل سمجھا جاتا ہے لیکن میانک یادیو اپنے پہلے ہی بین الاقوامی اوور میں یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوگئے۔ یادرہے کہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کا شمار دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولروں میں کیا جاتا ہے۔ لیکن انہوں نے اپنے ٹی20 بین الاقوامی کیریئر میں کبھی میڈن اوور نہیں کیا۔ میانک یادو ہندوستان کے 5 ویں بولر ہیں جنہوں نے اپنے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز میڈن اوور سے کیا۔ اس سے قبل ہندوستان کی جانب سے اجیت اگرکر، خلیل احمد، نودیپ سینی اور ارشدیپ سنگھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اجیت اگرکر نے2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا، خلیل احمد نے 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف، نودیپ سینی نے 2019 میں ویسٹ انڈیزکے خلاف اور ارشدیپ سنگھ نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ علاوہ ازیں میانک یادو نے اپنی پہلی بین الاقوامی وکٹ حاصل کرنے کے لیے صرف 8 گیندیں لیں۔ انہوں نے ٹیم انڈیا کے لیے پہلا وکٹ محمود اللہ کی شکل میں حاصل کیا۔ میانک یادو ہندوستان کے تیز ترین میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل 2024 میں 156.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی۔اس تیزرفتار گیند وں سے وہ شہرت حاصل کرنے لگے ہیں۔