میدک :ماں نے 6 ماہ کی لڑکی کو دریا میں پھینک دیا

   

تیسری شادی کی راہ میں رکاوٹ بننے کے خیال سے ارتکاب جرم
حیدرآباد 18 اپریل ( سیاست نیوز ) میدک میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک خاتون نے تیسری شادی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی اپنی چھ ماہ کی لڑکی کو ہلاک کردیا ۔ میدک پولیس کے بموجب این گائتری میدک ضلع کے سپلی چھیڑ منڈل کے ٹوپیا تانڈے کی ساکن تھی ۔ اس نے تین سال قبل نرساپور منڈل کے ایک شخص سے شادی کی تھی ۔ تاہم وہ بعد میں اس سے علیحدہ ہوگئی ۔ اس نے دوبارہ ایک اور شخص سے شادی کی جو کلچارم منڈل سے تعلق رکھتا تھا ۔ گائتری کے اپنے دوسرے شوہر سے بھی اختلافات ہوگئے تھے ۔ اس نے چھ ماہ قبل ایک لڑکی کو جنم دیا تھا ۔ تاہم گائتری اس بچی کے ساتھ دوسرے شوہر سے بھی علیحدہ ہوگئی ۔ جب اس کے والدین نے اس کی ایک اور شخص سے شادی کی کوشش کی تھی تو اس کو احساس ہوا کہ اس کی بیٹی کی پرورش کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ گائتری نے اپنے والد آر دیپلا اور اپنی آنٹی بھولی ( جو ایک آنگن واڑی ٹیچر ہے ) کے ساتھ چھ ماہ کی لڑکی کے صفایہ کا منصوبہ بنایا ۔ انہوں نے لڑکی کو چٹکول میں مانحیرا ندی میں پھینک دیا ۔ گائتری کے والد نے بچی لاپتہ ہوجانے کی پولیس میں شکایت کی ۔پولیس کی تحقیقات میں ماں اور اس کے والد و آنٹی کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ۔