میدک: پنچایت راج ٹیچرس اسوسی ایشن ضلع میدک کے سینئر قائد پروین کمار جو ضلع سنگاریڈی میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے، سنگاریڈی کے ایک خانگی دواخانہ میں کووڈ کا شکار ہوکر زیر علاج تھے، وہ 4 مئی کو انتقال کرگئے۔ اس کے پیش نظر ضلع میدک پنچایت راج ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس میں شدید غم کا اظہار کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس کی صدارت صدر ضلع پی آر ٹی یو مسٹر ست نارائن ریڈی نے کی۔ اس موقع پر سبھی شرکاء اساتذہ نے اپنے ساتھی ٹیچر مسٹر پروین کمار کے اچانک دیہانت سے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کمار کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے۔ اس پروگرام میں عہدیداران ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو مسرز ایل ملاریڈی، مہیش کمار، ٹی سرینواس، چندر شیکھر، سنتوش کمار، ستیش کمار، سبھاش ریڈی، راما کرشنا، ویریندر، راجو سنگھمیشور، یادو ریڈی بھی موجود تھے۔ شرکاء نے بتایا کہ آنجہانی استاد پروین کمار میدک ٹائون کے فتح نگر اسکول میں دس سال تک اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس طرح میدک کے کننے پلی ہائی اسکول میں بھی آنجہانی پروین کمار کے دیہانت پر ایک تعزیتی جلسہ منعقد ہوا۔ واضح رہے کہ آنجہانی پروین کمار کا تعلق کننے پلی ہی سے تھا۔ وہ بحیثیت ٹیچر 1998ء میں منتخب ہوئے تھے۔ اس موقع پر میدک، کننے پلی اور گھن پور کے اسکولس سے اساتذہ نے شرکت کی۔
