میدک میں میڈیکل کالج کے عدم قیام پر کانگریس کی برہمی

   

کے سی آر، ہریش راؤ اور پدما دیویندر ریڈی کے پتلے نذر آتش، 15 ستمبر کو بند کا اعلان
میدک ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں 15 ستمبر کو ریاست کے مختلف مقامات کے لئے منظور شدہ میڈیکل کالجس کا مجازی نظام پر افتتاح کرنے والے ہیں۔ اس فہرست میں میدک ضلع کا نام نہ ہونے پر مقامی کانگریس قائدین میں سی سی ممبر میاڈم بالکرشنا کی قیادت میں میدک کے روڈ پر وزیر اعلیٰ، کے سی آر وزیر ہریش راؤ اور رکن اسمبلی میدک ایم پدما دیویندر ریڈی کے علامتی پتلوں کو نذر آتش کیاگیا۔ اعلان کیا کہ میدک میں میڈیکل کالج کی منظوری نہ دینے پر 15 ستمبر کو ضلع میدک بند کیا جائے گا۔ بالکرشنا نے کہا کہ میڈیکل کالج کی منظوری سے متعلق میدک کی عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ قبل ازیں تین بار میدک میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ مقامی بی آر ایس قائدین رکن اسمبلی پدماریڈی کی قیادت میں ٹاؤن کے رام داس ایکس وے پر وزیر اعلیٰ کے سی آر اور وزیر صحت ہریش راؤ کی تصاویر کو دودھ سے نہلایا گیا۔ اب 15 ستمبر کو افتتاح ہونے والے میڈیکل کالجس کی فہرست میں میدک شامل نہیں ہے۔ میاڈم بالکرشنا نے بی آر ایس کے حریف و ناراض گروپ کے قائدین سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 15 ستمبر کو میدک بند کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ اس پروگرام میں صدر بلاک کانگریس میدک محمد حفیظ الدین، شیخ سلمان، ناگی ریڈی، محمد ذاکر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔