میدک /9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اساتذہ کی پی آر ٹی یو ٹی ایس کے یومِ تاسیس کے موقع پر میدک ضلع میں تنظیم کے ضلعی دفتر میں 54 واں یومِ تاسیس شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کے بانی آنجہانی ساملا یادگیری کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے، جس کے بعد پی آر ٹی یو میدک کے صدر سنکری کرشنا نے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر ضلعی صدر نے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پی آر ٹی یو ٹی ایس نے 54 سالوں میں اساتذہ کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے نمایاں جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نے کئی اہم احکامات (GOs) کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے، خصوصاً خواتین اساتذہ کو مختلف سہولیات فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی تنظیم ہر استاد کے مسائل کے حل کیلئے سرگرم رہے گی، خصوصاً زیر التوا پانچ ڈی اے اور 317 مسئلے کے حل کیلئے ریاستی سطح پر جدوجہد جاری رہے گی۔پی آر ٹی یو ٹی ایس میدک کے جنرل سکریٹری سامیا نائک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل جدوجہد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے 27 فروری کو ہونے والے اساتذہ ایم ایل سی انتخابات میں تنظیم کے سرکاری امیدوار ونگا مہندر ریڈی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے تمام کارکنوں کو محنت کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر میدک میں تنظیم کی ترقی کیلئے خدمات انجام دینے والے سینئر اساتذہ وینکٹ رام ریڈی، درگیا، ستیہ نارائنا ریڈی، مہیش، ویرینڈر اور سدھاکر کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی گئی۔اس تقریب میں ریاستی ایسوسی ایٹ صدر ایل ملّا ریڈی، وینکٹ رام ریڈی، انیل ریڈی، پنتلو راجو، ہری بابو، جناردھن، سرینواس، نوین، نریندر ریڈی، ستیش راؤ، چندر گروو نائک، سریش، تیاڑلا سرینواس، تاڑلا سرینواس اور ضلع کے مختلف منڈلوں کے صدور و جنرل سکریٹریز سمیت کئی تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی۔