نئی دہلی :دہلی کی ساکیت عدالت نے نرمدا بچاؤ آندولن کارکن میدھا پاٹکر کو ہتک عزت کے مقدمے میں پانچ ماہ قید اور 10 لاکھ روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ساکیت عدالت نے گزشتہ ماہ مئی میں ہی میدھا پاٹکر کو مجرمانہ ہتک عزت کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے میدھا پاٹکر کے خلاف ہتک عزت کے معاملے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ساکیت عدالت کے مجسٹریٹ راگھو شرما نے کہا کہ میدھا پاٹکر نے دعویٰ کیا تھا کہ شکایت کنندہ نے مالیگاؤں کا دورہ کیا تھا اور این بی اے کی تعریف کی تھی اور 40,000 روپے کا چیک جاری کیا تھا جو لال بھائی گروپ سے آیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ وہ بزدل ہیں اور محب وطن نہیں ہیں۔ مجسٹریٹ شرما نے کہا کہ ملزم نے اس دعوے کو شائع کیا، اس سے درخواست گزار کو نقصان پہنچانے کے ان کے ارادے کا پتہ چلتا ہے۔ مجسٹریٹ نے کہا کہ میدھا پاٹکر کے ذریعہ ایل جی کو بزدل قرار دینا اور یہ الزام لگانا کہ وہ حوالہ کے لین دین میں ملوث ہیں، نہ صرف بدنامی کا باعث ہے بلکہ منفی تاثرات کو بھڑکانے والا بھی ہے۔