میر عالم تالاب کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے اقدامات

   

میرعالم منڈی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پرنسپل سکریٹری اروند کمار کا دورہ
حیدرآباد/3 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے میر عالم ٹینک کو نکلس روڈ کی طرز پر ترقی دینے اور میر عالم منڈی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے برے پیمانے پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقیاتی اروند کمارنے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے ساتھ آج میر عالم ٹینک کا دورہ کیا ۔ میر عالم ٹینک کو نکلس روڈ کی طرز پر ترقی دینے اور عہدیداروں کی جانب سے تیار کردہ ڈیولپمنٹ پلان کا جائزہ لیا گیا ۔ ترقیاتی و تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ بالخصوص میر عالم ٹینک کو خوبصورت دلکشن اور سرسبز و شاداب بنانے ورکنگ ٹریک کے علاوہ دوسری ترقیاتی کاموں کو فروغ دیا جائے گا ۔ عہدیداروں کی ٹیم نے میر عالم ٹینک کا دورہ کیا ۔ شروع کردہ ترقیاتی کاموں پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ میر عالم ٹینک کی ترقی کیلئے اسد الدین اویسی نے بھی عہدیداروں کو چند تجاویز پیش کئے اور ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا ۔ پرنسپل سکریٹری بلدینظم و نسق نے شہر حیدرآباد کی تاریخی میر عالم منڈی کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر بھی اسدالدین اویسی موجود تھے ۔ تاریخی میر عالم منڈی کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس مارکٹ کو ماڈرن مارکٹ کے طرز پر ترقی دینے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ میر عالم منڈی کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے تاجرین کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ N