جنوری 2028 تک کام مکمل کرنے کا ہدف، موسیٰ ندی احیاء اور ریڈیل سڑکوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز)چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے تاریخی میر عالم جھیل کے تحفظ، تزئین و آرائش اور اس میں طویل عرصے سے جمع ہونے والی گندگی کی فوری صفائی کیلئے احکامات جاری کئے۔ شہری ترقیاتی منصوبوں پر آج جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے میر عالم ٹینک کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر استفسار کیا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اس اہم پراجکٹ کی جنوری 2028 تک تکمیل کے نشانہ کے ساتھ کام تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے جس پر ریونت ریڈی نے ہدایت دی کہ جھیل کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ سالہا سال سے جھیل میں جمع گندگی کو مکمل طور پر ہٹایا جائے تاکہ اس کی قدرتی وسعت اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بحال ہو سکے۔اجلاس میں چیف منسٹر نے موسیٰ ندی کی بحالی کے منصوبہ فیس I کے کاموں کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ عہدیداروں نے انہیں آگاہ کیا کہ فیس I کے تحت حمایت ساگر سے گاندھی سروور تک 9.20 کلومیٹر کے علاقہ کو زون ون اے اور عثمان ساگر سے گاندھی سروور تک 11.8 کلومیٹر کے علاقہ کو زون ون بی میں تقسیم کرتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے وضاحت کی کہ ٹینڈر کا عمل پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے اور جنوری 2027 سے فیس I کے عملی کاموں کا آغاز کرنے کیلئے ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر کو گریٹر حیدرآباد میں زیر تعمیر ریڈیل سڑکوں اور حصول اراضی کی پیشرفت سے بھی واقف کروایا گیا جس پر چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ وہ ریڈیل سڑکوں کی تعمیر کی رفتار میں تیزی لائیں۔ علاوہ ازیں گنڈی پیٹ میں زیر تعمیر جدید کاؤ شیڈ پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے تمام کاموں کو مارچ 2027 تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ 2