میوزیکل فاونٹین کی تنصیب ، سیاحوں کو راغب کرنے کی تیاری
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد میں موجود میر عالم تالاب سے متصل میر عالم پارک میں سیاحوں اور تفریح کے لئے پہنچنے والوں کے لئے مزید تفریحی سامان فراہم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی میر عالم پارک میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیاجائے گا۔گذشتہ ماہ حکومت نے پارک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد اس پارک کو سیاحوں کے لئے مززید دلچسپ بنانے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی تھیں کیونکہ پارک میں توقع سے زیادہ سیاحوں کی آمد ہونے لگی ہے اسی لئے اب اس پارک کو مزید دلچسپ بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ اس پارک میں ورزش کے سامان کی فراہمی کے علاوہ بچوں کیلئے جھولے اور دیگر تفریحی سامان فراہم کئے جانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور اس پارک میں چہل قدمی کرنے والوں کے لئے بھی متعدد سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جاچکے ہیں لیکن اب مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے اس پارک کو مزید دلچسپ اور سیاحوں کیلئے تفریح کا مرکز بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت پارک میں میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کے اقدامات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ کے وسط تک اس منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹنڈر طلب کیا جائے گا اور 6ایکڑ پر محیط اس پارک کو مزید ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔پرانے شہر کے علاقہ میں میر عالم تالاب سے متصل تعمیر کئے گئے اس پارک سے پرانے شہر کے علاوہ عطا پور‘راجندر نگر اور شمس آباد کے علاقوں کے شہری استفادہ کر رہے ہیں اورپارک میں تفریح کی غرض سے پہنچنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے اور اس اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے حکومت کو پیش کی گئی اس تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے اور اس کے بعد ہی جی ایچ ایم سی کی جانب سے پارک میں میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا جانے لگا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی بدھا پورنیما پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے گئے لمبنی پارک میں موجود میوزیکل فاؤنٹین کے طرز پر اس پارک میں بھی میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کرنا چاہتی ہے۔