میرٹھ : حالات معمول پر، انٹرنیٹ خدمات بحال، بازاروں میں چہل پہل

   

میرٹھ:7 مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے سلسلے میں پیدا کشیدگی کے بعد اب حالات معمول پر آگئے ہیں۔ کشیدگی کے بعد افواہوں پر قد غن لگانے کے مقصد سے بند کی گئی انٹرنیٹ خدمات کو جمعرات کی صبح 10 بجے کے بعد بحال کردیا گیا۔ شہر میں اسکول اور بازاروں میں بھی چہل پہل دکھی۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ( ڈی ایم) انل ڈھینگر نے بتایا کہ حالات تیزی سے معمول پر آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے مخالفت کے بعد حالات کو کشید ہ ہوتا دیکھ بدھ کی شام سے وہاٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس کا استعمال افواہیں پھیلانے کے لئے کیا جارہا تھا۔ اسی وجہ سے انٹر نیٹ خدمات بند کرنی پڑی تھیں۔وہیں میرٹھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) نتن تیواری نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد متأثرہ علاقوں بھوسہ منڈی اور مچھیران کو تین زون میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ میرٹھ کے علاوہ غازی آباد، نوئیڈا، شاملی، ہاپوڑ اور بلند شہر اضلاع سے پولیس اہلکار کو بلا کر شہر میں تعینات کیا گیا ہے ۔ پولیس لائن سے پی جی اسکواڈ اور کوارٹی بھی لی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ دیر رات ریپڈ ایکشن فورس نے علاقے میں فلیگ مارچ بھی کیا تھا۔مسٹر تیواری نے بتایا کہ بدھ کی دیر رات اور جمعرات کی علی الصبح پولیس نے شر پسند عناصر کو گرفتار کرنے کے لئے کئی مقامات پر دبش دی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال سات ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نامعلوم عناصر کی پہچان کے لئے پولیس نے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج بھی اکٹھا کئے ہیں۔