نئی دہلی : جب خواتین ملک کیلئے گولڈ میڈل لاتی ہیں تو قوم کا سر فخر سے اونچا ہوجاتا ہے۔ ایسا موقع پھر ایک بار دلانے والی ورلڈ چمپئن نکہت زرین گولڈ میڈل جیتنے کے بعد مسلسل خبروں میں ہیں۔ ورلڈ چمپئن نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی دلی خواہش کو ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بالی ووڈ میں اُن پر بایوپک فلم بنتی ہے تو پردے پر اُن کے کردار کو عالیہ بھٹ نبھائیں۔ بالی ووڈ انڈسٹری میں بایوپک فلمیں بنانے کا رواج کافی عرصے سے دیکھنے آرہا ہے۔ کئی بایوپک فلمیں مسلسل بنتی آئی ہیں اور ان کو فینس کی طرف سے پذیرائی بھی ملی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں تو نہ جانے کتنی شخصیتوں کی بایوپک ریلیز ہوئیں۔ اس میں
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کی بایوپک فلم کرکٹ، کپل دیو کی بایوپک فلم ’83‘ اور 2014ء میں چھ بار کی ورلڈ چمپئن باکسر ایم سی میری کوم پر بنی فلم ’میری کوم‘ وغیرہ کچھ ایسی فلمیں ہیں، جنہیں بھولنا ممکن نہیں ہے۔ نکہت زرین نے ورلڈ چمپئن بن کر ملک کا نام اونچا کیا ہے۔ وہ پہلے ہی خود کو بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی فین بتا چکی ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ نکہت زرین نے اب ایک تازہ انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر اُن پر بایوپک بنتی ہے، تو وہ چاہتی ہیں کہ عالیہ بھٹ مرکزی کردار نبھائیں۔ نکہت نے کہا کہ انہیں ہندی فلمیں دیکھنا پسند ہے۔ اگر بالی ووڈ میں اُن کی باکسنگ کامیابی پر کوئی بایوپک فلم بنتی ہیں تو وہ چاہتی ہیں کہ عالیہ اُن کے رول کو نبھائیں کیونکہ اُن کی طرح عالیہ بھٹ کو بھی گال میں ’ڈمپل‘ پڑتے ہیں۔ انہیں عالیہ کا ڈمپل بہت اچھا لگتا ہے۔ شاید اس لئے اُن کا ماننا ہے کہ عالیہ بھٹ ہی اُن کے رول کیلئے موزوں ثابت ہوسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ عالیہ بھٹ بایوپک فلمیں کرچکی ہیں۔ حال ہی میں انہیں بایوپک ’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اس فلم کی کہانی مشہور رائٹر ایس حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئنس آف ممبئی‘ کے ایک باب پر مبنی ہے۔