میری تصاویر اور ویڈیوز کو مسخ کیا گیا، خاتون کا دعویٰ

   

رانچی: کانگریس لیڈر اور جھارکھنڈ کے وزیر صحت بننا گپتا کی ایک خاتون کے ساتھ فحش فون پر بات چیت کے مبینہ ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے چند دن بعد خاتون نے منگل کوکہا کہ اس کی تصویر اور ویڈیو کو کلپ میں تبدیلی کرکے استعمال کیا گیا ہے۔ رانچی میں میڈیا سے گفتگو میں خاتون نے الزام لگایا ہے کہ کلپ میں اس کی تصویر اور ویڈیو کو فرضی طریقے سے تبدیل کرکے استعمال کیا گیا ہے۔ خاتون نے ایک ویڈیو پیغام بھی پوسٹ کیا اور کہا کہ وہ نہ تو وزیر صحت بننا گپتا سے ملی ہے اور نہ ہی انہیں جانتی ہے۔ کسی نے اس کا چہرہ سازش میں استعمال کیا ہے۔ اس نے کہا میں نے اپنے شوہر کے ساتھ ایک ویڈیو آڈیو چیٹ کی تھی، جسے کسی نے تبدیل کر کے وزیر سے منسلک کیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں خاتون انتظامیہ سے درخواست کر رہی ہے کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس نے سوشل میڈیا سے ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی بھی درخواست کی۔ ایک پریس کانفرنس میں، این ایس یو آئی لیڈر آروشی وندنا سنگھ نے کہا میں وزیرکو راکھی باندھتی ہوں۔ اس کے کردار کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آروشی اور ان کے شوہر اندراجیت نے اس معاملے میں پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی کے سابق وزیر اور آزاد رکن اسمبلی سریو رائے نے کہا لڑکی جمشید پور میں ایک فرنیچر ہاؤس میں کام کرتی ہے۔ پولیس کو اس خاتون کو سیکورٹی دینا چاہئے جس کے ساتھ وزیرگپ شپ میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا میں اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ فحش ویڈیو تین منٹ کی ہے جس میں سے 21 سیکنڈ وائرل ہو چکی ہے۔ اس سے پہلے بننا نے ایک وضاحت جاری کی تھی اور کہا تھا یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ویڈیو میں ترمیم کی گئی ہے۔ میں نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کروائی ہے اور پولیس اسے جلد ثابت کردے گی۔ میں اس جعلی ویڈیو کے پیچھے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ گپتا نے مزید کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین نے ان کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لیے ویڈیو کو گردش کیا۔