عوام کو کوئی زحمت نہ ہو،پولیس عہدیداروں کو چیف جسٹس کا مشورہ
حیدرآباد: چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان کے لئے ٹریفک کو نہ روکا جائے۔ میری گاڑیوں کی بآسانی روانگی کیلئے دوسروںکو تکلیف نہ دی جائے۔ جسٹس این وی رمنا نے پولیس عہدیداروںکو اس سلسلہ میں واضح ہدایات دی ہیں۔ چیف جسٹس ان دنوں حیدرآباد کے دورہ پر ہیں اور راج بھون میں ممتاز شخصیتوں سے ملاقاتوںکا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان کی گاڑی ٹریفک سگنل پر روک دی جائے گی ۔ جسٹس رمنا ایس آر نگر میں واقع اپنی قیامگاہ میں شب بسری کر رہے ہیں اور ملاقاتوں کیلئے راج بھون پہنچ رہے ہیں۔ ایس آر نگر سے راج بھون پہنچنے کے دوران انہوں نے دیکھا کہ پولیس نے ان گاڑیوں کیلئے ٹریفک کو روک دیا تھا ۔ بعد میں انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ان کے لئے ٹریفک کو روکنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ ضرورت پڑنے پر وہ خود اپنی گاڑی کو ٹریفک سگنل پر روک دیں گے ۔ اسی دوران قانون ساز کونسل کے سابق صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے جسٹس رمنا سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران جسٹس رمنا نے نلگنڈہ میں زراعت کی صورتحال اور فصلوں کے تازہ موقف پر معلومات حاصل کیں۔