پیرس۔ لیونل میسی نے اپنے ریکارڈ میں توسیع کرتے ہوئے آٹھواں بیلن ڈی اور جیت لیا جب کہ اسپین کی ایتانا بونمتی نے خواتین کے زمرے کا ایوارڈ حاصل کیا۔ارجنٹینا کے اس عظیم فٹ بالر نے گزشتہ سال قطر ورلڈ کپ میں اپنی غیر معمولی کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا جب انہوں نے ارجنٹینا کو سات گول کے ساتھ عالمی ٹرافی دلوائی اور میسی کو ٹورنمنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میسی نے 2009، 2010، 2011، 2012، 2015، 2019، 2021 اور اب 2023 میں سب سے اہم انفرادی فٹ بال ایوارڈ جیتا ہے۔ میسی نے اپنے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ارجنٹینا کی پوری ٹیم کے لیے ایک تحفہ ہے جو ہم نے حاصل کیا۔ عالمی چمپئن بننا وہ اعزاز تھا جس سے ہم محروم تھے۔ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ارجنٹینا کو عالمی چمپئن ٹیم بنانے میں مدد کی۔ انہوں نے یہ ٹرافی لیجنڈری ارجنٹائنی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کو بھی وقف کی، جو 2020 میں انتقال کرگئے تھے اور پیر کو انکا 63 ویں یوم ولادت تھا۔ ہیپی برتھ ڈے ڈیاگو۔ یہ آپ کے لیے بھی ہے،میسی نے کہا۔ ناروے کے فارورڈ ایرلنگ ہالینڈ مانچسٹر سٹی کے ساتھ یوئیفا چیمپئنز لیگ، پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ خطابات جیتنے کے لیے دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ قطر ورلڈکپ گولڈن بوٹ جیتنے والے کائلان ایمباپے تیسرے نمبر پر رہے۔ بونمتی نے خواتین کا بیلن ڈی اور جیت لیا۔