میلانیا ٹرمپ کا ’’ ہیپی نیس کلاس‘‘ کا مشاہدہ

   

نصاب تعلیم کی ستائش ، لائبریری اور یوگا سیشن بھی دیکھا ، سکیورٹی کے سخت انتظامات
نئی دہلی۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے منگل کے روز جنوبی دہلی کے ایک سرکاری اسکول میں ’’ہیپی نیس کلاس‘‘ کا مشاہدہ کیا اور یہ اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی نصاب سے بے حد متاثر ہوئیں اور کہا کہ ماہرین تعلیم اور ٹیچرس کیلئے بھی مذکورہ نصاب ’’صحت مند اور مثبت‘‘ اثر کا حامل ہے۔ اس موقع پر اسکولی طلباء و طالبات میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور وہ تمام اپنے روایتی لباس میں ملبوس تھے اور میلانیا ٹرمپ کا انہوں نے زبردست استقبال کیا۔ یاد رہے کہ موتی باغ میں سرودیہ کو ۔ ایجوکیشنل سینئر سیکنڈری اسکول کا دورہ میلانیا ٹرمپ کے پروگرام میں پہلے سے شامل تھا جہاں میلانیا کے استقبال کیلئے پھولوں سے بڑی بڑی کمانیں تیار کی گئی تھیں۔ طلبہ کے ایک بینڈ نے بیاگ پائپ (ایک قسم کا آلہ موسیقی) بجاکر میلانیا کا خیرمقدم کیا۔ میلانیا نے اسکول کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کا ریڈنگ روم (لائبریری)، ایکٹویٹی روم برائے کے جی طلبہ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے یوگا سیشن کا بھی مشاہدہ کیا اور بچوں کے ساتھ بات چیت کی۔ طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کا ان (میلانیا) کا خیرمقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات ہندوستانی اور امریکی پرچم لہرا رہے تھے۔ میلانیا کی روانگی کے وقت طلباء و طالبات نے انہیں ہاتھ سے تیار کئے گئے تحائف اور مدھوبنی کی پینٹنگ حوالے کی۔ قبل ازیں میلانیا کے اسکول پہنچنے پر طلباء و طالبات نے ان کی پیشانی پر ٹیکہ (تلک) لگایا اور گلدستہ پیش کیا جس کے بعد میلانیا نے رسمی طور پر ایک شمع روشن کی۔ اس موقع پر فوٹو گرافرس کی بھی کثیر تعداد موجود تھی اور وہ ہر زاویہ سے تصاویر کھینچ رہے تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کا بھی سخت انتظام کیا گیا تھا۔