اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں امتیاز اسحاق ، ایم اے حکیم کی مسلمانوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے اقلیتی قائدین نے بعد نماز جمعہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ایرگڈہ ڈیویژن میں واقع سلطان نگر میں کانگریس حکومت کی ناکامیوں کے خلاف بی آر ایس کے باقی کارڈس تقسیم کرتے ہوئے بی آر ایس کی امیدوار سنیتا کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے ریاستی سکریٹری سابق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق بی آر ایس کے سینئیر قائد ایم اے حکیم اور محمد دانش کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ اقلیتی ڈیکلریشن کے ذریعہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا نہ اقلیتی طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ جاری کی گئی اور نہ ہی اسکالر شپس جاری کی جارہی ہے ۔ اوورسیز اسکالر شپ کو زیر التواء رکھتے ہوئے اقلیتی طلبہ کو پریشان کیا جارہا ہے ۔ اقلیتی بجٹ کو استعمال نہیں کیا جارہا ہے ۔ اقلیتوں کے لیے دو نئی اسکیمات کا اعلان کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی گئی مگر ابھی تک کوئی سبسیڈی لون جاری نہیں کئے گئے ۔ ریاست کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے معاوضہ ، غریب لڑکیوں کی شادیوں میں ایک تولہ سونا ، 4 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ ، کالج کی طالبات میں اسکوٹی تقسیم کرنے کے وعدوں کو پورا کیا نہیں کیا گیا مگر تعجب ہے حکومت کی دو سالہ میعاد کی تکمیل پر جشن منانے کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ جو مضحکہ خیز ہے ۔ ایم اے حکیم نے کہا کہ حکومت کی ناکامی سے عوام ناراض ہیں اور اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس کی لہر چل رہی ہے ۔ بی آر ایس کی امیدوار سنیتا گوپی ناتھ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ سماج کے تمام طبقات رضاکارانہ طور پر بی آر ایس کا ساتھ دینے کا تیقن دے رہے ہیں ۔ سرکاری مشنری کے بیجا استعمال کرنے کے باوجود کامیابی بی آر ایس کی ہوگی ۔۔ 2